گیس کی قیمتوں میں اضافہ ظلم‘ واپس لیا جائے : شہبازشریف
اسلام آباد (پ ر) مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں حکومتی اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ریلیف کے نام پر ووٹ لے کر آنے والی حکومت نے غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور ومتوسط طبقات سے ریلیف چھین لیا ہے جو عوام سے کھلا دھوکہ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی جس سے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن گیس کی قیمتوں میں دس سے لے کر ایک سو پینتالیس فیصد اضافے کو مسترد کرتی اور اس کی مذمت کرتی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ بڑھے گا۔ یہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ بتایاجارہا ہے جس سے غریب، متوسط طبقات کے گھروں کے چولہے بجھ جائیںگے جو صریحاً ظلم، زیادتی اور ناانصافی ہے جسے فی الفور واپس لیا جائے۔ اس ظلم کے نتیجے میں مہنگائی مزید بڑھے گی اور اس اقدام کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ، کھاد اور دیگر مصنوعات کا مہنگا ہونا لازم ہے۔ انہوں نے کہا ساٹھ فیصد گھریلو صارفین ایسے ہیں، جن کے لئے پندرہ سے تیس فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، اس سے غریب اور اوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شدید متاثر ہوں گے۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے صنعت اور صنعتی صارفین کو بھی بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے مہنگائی کے طوفان کو روکا ہوا تھا اور گیس کی قیمتوں میں پانچ سال کے دوران اضافہ نہیں کیا تھا مگر تحریک انصاف کی نوزائدہ حکومت نے گیس کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام پر مہنگائی کے دروازے کھول دئیے ہیں۔ ہر دن کے ساتھ یہ طے ہوتا جارہا ہے حکومت کی کوئی پالیسی نہیں اور یہ صرف عوام پر تجربات کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے مطالبہ کیا یہ ظالمانہ اضافہ واپس لیاجائے۔
شہبازشریف