بجلی کے تار گرنے سے معذور ہونے والے بچے کا علاج بیرون ملک سے کرایا جائے گا
کراچی(آن لائن)سندھ حکومت نے بجلی کے تارگرنے سے معذورہونے والے بچے کا علاج بیرون ملک سے کرانے کا اعلان کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کااجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا،چیف سیکریٹری،وزیراعلیٰ کے مشیراوردیگرنے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کوبجلی کے تارگرنے سے بچے کی معذوری پربریفنگ دی گئی، صوبائی وزیرامتیاز شیخ اورمرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔ امتیاز شیخ کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کے الیکٹرک متاثرہ خاندان کو25 لاکھ روپے معاوضہ دینے کے لئے تیارتھا،وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پربچے کے والدین اورکے الیکٹرک سے ملاقاتیں کی ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرہی معاوضہ 50 لاکھ روپے کروایا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت معذوربچے کا بیرون ملک سے علاج کرائے گی۔واضح رہے کہ بجلی کے کھمبے کا تار گرنے سے 8سالہ بچہ بری طرح جھلس گیا تھااور ڈاکٹروں نے اس کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے تھے۔