ٹرین حادثہ ۔ وزیر ریلوے کیلئے لمحۂ فکریہ
مسان ریلوے سٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی، انجن اور سات بوگیاں الٹ گئیں ، 21مسافر زخمی ریلوے ٹریک بند ہوگیا،حادثے کی وجہ بوسیدہ ٹریک بتائی گئی ہے۔
ریلوے میں بڑے سنگین قسم کے حادثات بھی ہو چکے ہیں ۔ ایسے ایکسیڈنٹ بھی ہوئے جن سے بچا جا سکتا تھا ۔ مذکورہ حادثہ بھی ایسے حادثات میں سے ایک ہے۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حادثہ کمزور ٹریک کی وجہ سے ہوا ہے اس کی اپ گریڈ شن تک اس ٹریک پر ٹرین نہ چلائی جائے۔ سابق وزیر ریلوے کے بیان کو حکومت اصلاح کے طور پر لے ۔ اگر ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرین بھی چلانی ہے تو ٹریک کی حالت کے مطابق سپیڈ پر کنٹرول رکھا جائے۔ شیخ رشید ایسے حادثات پر وزیر ریلوے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا کرتے تھے ، ان سے اس حادثے پر اپوزیشن نے بھی ایسا کوئی تقاضانہیں کیا۔ شیخ رشید اس حادثے پر استعفیٰ بے شک نہ دیں۔ البتہ ریلوے کی اصلاح و احوال کیلئے اپنی سی کوشش ضرور کریں۔