ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے سسٹم آسان کیا جائے: راجہ وسیم حسن
لاہور(کامرس رپورٹر) تاجر رہنماوانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار) ایگزیکٹوممبر پیاف لاہورراجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کیلئے ٹیکس گزاروں کو آسان طریقہ سے سسٹم میں شامل کیا جائے تاکہ حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوسکے انہوںنے کہا کہ ایف بی آر کی رجسٹریشن کی آسانی ،ٹیکس ریٹرن فارم انتہائی سادہ ،آسان اور شفاف بنانے اور آئی ٹی سسٹم کی بہتری سے ٹیکس دینے والوںکی تعداد میں اضافہ ہوگا انہوںنے کہا کہ اگر ڈائریکٹ ٹیکسیشن کا بہترین نظام قائم کیا جائے اور ٹیکس گزاروں کو انتہائی آسان طریقہ کے ذریعے سسٹم میں شامل کیا جائے تو ٹیکس گذاروں کے گوشوروں کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھنے والے ٹیکس گزاروں کو عزت دیئے بغیر نہ تو ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا اور نہ ہی ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی۔