رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس‘ مجالس کی سیکورٹی مزید موثر بنانے کا فیصلہ
کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیرِ صدارت اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس‘ رینجرز اورحساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے پلان کا جائزہ لیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جا ئے گا۔اجلاس کے دوران اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کا بھی ازسر نو جائزہ لیاگیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان راوبط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔اس موقع پرعوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر‘ مشکوک سر گرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار ‘رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر‘ رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
رینجرز اجلاس