فلسفہ کربلا سمجھنے کی ضرورت ہے‘ علامہ مقصود ڈومکی
کراچی (نیوز رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سیکرٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی شہید عارف حسین الحسینی ہاؤس میں کربلا شناسی کے موضوع پر مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کربلا ایک دن کی جنگ کا نام نہیں بلکہ یہ انبیاء کی تحریک کا تسلسل ہے کربلاحق و باطل کے معرکہ کا نام ہے‘ کربلا دین کی سربلندی کیلئے پراپنا سب کچھ نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسفہ کربلا سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کربلاہم سے عصر حاضر کی یزیدیت کے خلاف ڈٹ جانے کا تقاضہ کرتی ہے‘ امام عالی مقام نے یزید کی بیعت سے یہ کہہ کر انکار کیا تھا کہ مجھ جیسا اس جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا‘ امام حسین علیہ السلام کا یہ جملہ کربلا کے فلسفے کو سمجھنے کیلئے کافی ہے اور ہر دور کیلئے اپنے اندر کربلا کا مکمل مفہوم سمیٹے ہوئے ہے‘ یزیدی فکر ہر دور میں سر اٹھاتی رہی اور حسینی یزیدیت کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ علما کا یہ شرعی فریضہ ہے کہ وہ اپنے مومنین کو حالات حاضرہ سے آگاہ رکھیں‘ مجالس عزا میں غم حسینؓبیان کرنے کے ساتھ ساتھ استعماری طاقتوں کی اسلام دشمنی کو بھی آشکار کرنا چاہیے‘ غدیر و کربلامحض واقعات نہیں بلکہ اپنے اندر وسیع مفہوم اور فلسفہ سمیٹے ہوئے ہیں‘ مقصد کربلا کو سمجھ کر عزاداری کرنا خاندان رسالت کی معرفت عطا کرتا ہے‘ دنیا و آخرت کی کامیابی کا سفر معرفت کے زینوں سے گزر کر طے ہوتا ہے جو اہلبیت اطہار علیہم السلام کی پیروی کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا ہم سب کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی زندگیوں کو آئمہ اطہار علیہم السلام کے مطابق بسر کریں گے۔