محرم کا مقدس مہینہ ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے‘ مفتی محمدنعیم
کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ محرم کا مقدس مہینہ ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے‘ اہل بیت کی عظیم قربانی کو خراج تحسین اور محبت کا اظہار بہترین طریقہ برائی چھوڑنا ہے‘دین کی خاطر اہل بیت نے قربانی دی ‘بدعات ورسومات کو چھوڑ کردین پر عمل کیا جائے‘محرم میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر کے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں ناکام بنایا جائے۔جامعہ بنوریہ عالمیہ میں وفاق المساجد کے تحت ائمہ مساجد کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ واہل بیت نے کربلا میں عظیم قربانی دی جس کی مثال دنیا پیش کرنے سے قاصر ہے ‘ اس عظیم خانداندان کی قربانیوں کو خراج تحسین اور محبت کا اظہار کا بہترین طریقہ برائی کو چھوڑکر اچھائی کو اپنا ناہے‘ انہوں نے کہاکہ ائمہ مساجد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ منبرو محراب کے ذریعے اتفاق واتحاد کو فروغ دے کر امت میں حقیقی معنوں میں وحدت پیداکرنے کی کوششیں جاری رکھیں ‘فرقہ واریت معاشرے کی خرابی کا سب سے بڑا ناسور ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ اسلامی سال کے آغاز پر پورے ملک میں قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پریشان ہوجاتے ہیں‘ہمیں چاہیے کہ ایک دوسرے کے ساتھ رواداری اور برداشت کا رویہ اختیار کریں اور اس کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم کسی دوسرے کے عقیدے کو نہ چھیڑیں اور اپنے عقیدے کو نہ چھوڑیں کیونکہ عدم برداشت کا رویہ ہی فرقہ واریت کو ہوا دیتا ہے اور اس سے آپس میں نفرت انگیز جذبات پیدا ہوتے ہیں اس کیلئے اسے بیانات اور باتوں سے گریز کیاجائے جو دوسرے کی دلآزاری کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماہ محرم حرمت والے چار مہینوں میں سے ایک ہے‘ ماہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما اور مسالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتفاق واتحاد کو فروغ دیں۔