نواز شریف ووٹ کی عزت بحال کر کے چوتھی دفعہ وزیر اعظم بنیں گے، خواجہ آصف
سیالکوٹ (اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تمام کارکن21اکتوبر کو قائد کے استقبال کے لئے لاہور پہنچیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ووٹ کی عزت کو بحال کر کے چوتھی دفعہ وزیر اعظم بنیں گے، 2018 کے انتخابات میں ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا مگر اب نواز شریف وزیر اعظم بن کر ووٹ کی عزت کو بحال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یہاں یونین کونسل رنگ پورہ کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی آئے انہوں نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بدعنوان حکومت جو گزشتہ چار سال ملک و قوم پر مسلط رہی وہ چور دروازے سے اقتدار میں آئی اسے جمہوری طریقے سے ہٹایا گیا، پھر شہباز شریف نے جو حکومت کی اس کا میں شاہد ہوں، اس دور اقتدار میں ایسا لگتا تھا کہ آج حکومت گئی کہ کل گئی ،لیکن اس کے باوجود اتنی ساری جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا شہباز شریف ہی کا کام تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگرچہ مہنگائی عروج پر ہے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہوں گے، نواز شریف واپس آکر مہنگائی میں کمی کریں گے اور آہستہ آہستہ بہتری آئے گی، نواز شریف نے اس ملک بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ مجھے قوی یقین ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی کے جس سفر کا آغاز انہوں نے کیا تھا اس کی قیادت نواز شریف دوبارہ سے سنبھالیں گے اور وہ منزل پر ضرور پہنچیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا، ایسا نہ کبھی ہوا اور نہ دیکھا، بینظیر بھٹو شہید ہو گئیں ، نوازشریف نے جلاوطنی کاٹی لیکن 9 مئی جیسا کسی نے نہیں سوچا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی میں چند دن رہ گئے ہیں اور ان کے چاہنے والے ان کے شاندار استقبال کی تیاریوں میں مگن ہیں ہم 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور پہنچیں گے اور انہیں خوش آمدید کہیں گے۔