قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز آج سے ہوگا
کراچی(اسپورٹس رپورٹر )قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز 18 اکتوبر بروز اتوار سے ہوگا۔ کراچی میں شروع ہونے والے نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ایونٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچز کی میزبانی اسٹیٹ بنک گراؤنڈ، کے سی سی اے اسٹیڈیم اور ٹی ایم سی گراؤنڈ کے سپرد کی گئی ہے، ایونٹ کیچند میچز این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں بھی کھیلے جائیں گے۔ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چمپئن سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے مدمقابل آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار سے شروع ہونے والا تین روزہ میچ ٹی ایم سی گراؤنڈ میں کھیلا جائیگا،بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسٹیٹ بنک گراؤنڈ جبکہ سنٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں کے سی سی اے اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں ہر ٹیم دس میچز کھیلے گی۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ 11 سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا۔