ملزم کے اقبالی بیان پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کا حکم
ملتان (سپیشل رپورٹر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبالی بیان پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ اس سزا سے ملزم کو سدھرنے کا نادر موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ جیل میں پیشہ ورانہ ملزمان کے ساتھ رہنے کی بجائے اپنی زندگی کو معمول پر لائے اور آئندہ ایسے جرم سے باز رہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ پاک گیٹ کے مطابق ملزم عابد علی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم کو مشکوک جان کر تلاشی لی گئی جس کے قبضے سے تھوڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی۔ تاہم ملزم کے اعتراف جرم پر اسے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔