پولیس کا کام عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنا ہے :ڈی پی او قصور
قصور(نمائندہ نوائے وقت)قصور میں نئے تعینات ہونیوالے ڈی پی او قصور عمران کشور نے کہا ہے کہ سزا اور جزا کے بغیر کسی بھی ادارے کو فعال طریقے سے نہیں چلایا جا سکتا ، پولیس کا کام عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنا ہے اورہمیں اسی فرض کو پورا کرنے کیلئے تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ اس لئے عوام کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اعلی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران وملازمین کو شاباش دی جانی چاہئے جبکہ قانون پر عمل نہ کرنے اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈی پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے ڈیٹا کی شئیرنگ سے بھی کرائم میں واضح کمی لاجا سکتی ہے جس کے لئے ضلع کی سطح پر اس پر عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔