وکلاء کے گھروںپر چھاپے‘ اہل خانہ کو حراست میں لینے کیخلاف ہڑتال
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے وکلاء نے گذشتہ روز وکلاء کے گھروںپر چھاپے مارکر ان کے اہل خانہ کو حراست میں لینے کے خلاف احتجاجاً مکمل ھڑتال کی ۔ اس دوران وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے جبکہ ڈسٹرکٹ بار کا اجلاس جو بار کے نائب صدر ملک عثمان علی ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس میں ممتاز تارڑ ایڈوکیٹ، شازیہ نذر ایڈوکیٹ، حافظ بلال ایڈوکیٹ، اکمل چھینہ، رائے عرفان ریاست ، رائے فدا حسین ایڈوکیٹ کے گھروںپر چھاپے مارکر عزیز واقارب کو گن پوائنٹ پر و حراست میں لیکر حبس بیجا میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اوراسے پولیس گردی قراردیا گیا۔ اور کہا گیا کہ جب تک وکلاء کے گھروںپر چھاپے مارنے والے ایس۔ایچ۔اوز /پولیس ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں نہیںلائی جاتی ۔ وکلاء کا احتجاج جاری رہے گا۔ اور وکلاء راست اقدا م پرمجبور ہوں گے۔ دوسری جانب وکلاء کی جانب سے ایس۔ایچ۔او تھانہ سٹی حافظ آباداور ایس۔ایچ۔او ونیکے تارڑ کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے سیشن کورٹ میں رٹ پیٹیشن دائر کردی گئی۔