تحصیل ہسپتال حاصل پور میں انسولین نایاب‘ مریضوں کو مشکلات
حاصل پور (نامہ نگار) شہریوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انکے پیارے عرصہ دراز سے شوگر کے امراض میں مبتلا ہیں اور انسولین کے ذریعے سانسیں لے رہے ہیں مگر ہسپتال میں انسولین نایاب ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب ہم اپنے مریضوں کوہسپتالوں میں انسولین کے حصول کیلئے لیکر جاتے ہیں تو تاریخ پہ تاریخ دی جاتی ہے۔ جب ہم تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال جائیں تو کہا جاتا ہے کہ یہاں انسولین ختم ہو گئی ہے آپ وکٹوریہ چلے جائیں مگر جیسے ہی وکٹوریہ جائیں تو وہاں کا عملہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جانے کا مشورہ دیتا ہے جسکی وجہ سے ہم دونوں ہسپتالوں کے درمیان شٹل کاک بن کررہ گئے ہیں۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر صحت پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔