ڈاکٹر عادل شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)مختلف جماعتوں کے قائدین اور ممتاز علما کرام نے ڈاکٹر عادل خان شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے حوالے سے ہڑتال کے بعد احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کردیاہے ،کل19 اکتوبر کواسلام آباد میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا،ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاجی جلسے ہوں گے بعد ازاں صوبائی مقامات،گورنر ہاسز اور وفاقی دارالحکومت میں دھرنے بھی دیئے جاسکتے ہیں،علما کرام نے کہا کہ ڈاکٹرعادل خان کی شہادت کوئی معمولی واقعہ نہیں یہ قومی سانحہ ہے,ڈاکٹر عادل خان کی شہادت ملک وملت کاناقابل تلافی نقصان ہے،قومی سلامتی کے ادارے اور حکمران ڈاکٹرعادل خان کی شہادت کو چیلنج اور ٹیسٹ کیس سمجھ کرہینڈل کریں,ڈاکٹرعادل خان اتحاد امت کے داعی اور محب وطن پاکستانی تھے ان کی حالیہ کتاب اور پوری زندگی اس پر گواہ ہے،ڈاکٹرعادل خان کو سیکورٹی نہ دینا اور ان کے قاتلوں کی گرفتاری میں لیت ولعل سے کام لینا شکوک وشبہات کو جنم دے رہا ہے،ملک بھر کے علما کرام اور مذہبی قیادت کو فول پروف سیکورٹی دی جائے تفصیلات کے مطابق متحدہ سنی کونسل،وفاق المدارس،جمعیت علما اسلام،اہلسنت والجماعت،جمعیت اہلسنت,مسلم سٹودنٹس آرگنائزیشن،پاکستان شریعت کونسل سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا ظہوراحمد علوی،حافظ مقصود احمد جمعیت اہلحدیث,مولانا نذیر فاروقی,مولانا عبدالکریم,صاحبزادہ مفتی اویس عزیز ہزاروی اور دیگر نے اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرس کے دوران ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری نہ ہونے اور حکومت کی طرف سے اطمینان بخش اقدامات نہ اٹھائے جانے کے خلاف احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کااعلان کردیا ہے۔مختلف جماعتوں کے قائدین اور ممتاز علما کرام نے 19 اکتوبر بروز پیر سہ پہر تین بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے بعد ازاں ملک بھر میں تمام اضلاع اور شہروں کی سطح پر احتجاجی جلسے ہوں گے۔