وزیر اعظم کے پاس وقت ہے ، باعزت طریقے سے چلے جائیں،مصطفی کھوکھر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے پی ڈی ایم کامیاب جلسے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ نے عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم فیصلہ دے دیا ہے۔ پنجاب کے عوام کا فیصلہ ہو چکا ہے کہ عمران خان کو جانا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران خان کے مالی سہولت کاروں کی تجوریاں بھرنے والی حکومت کو عوام مزید پال نہیں سکتے۔ سلیکٹرز بھی دیکھیں کہ لوگوں کا فیصلہ قبول کریں اور سیاسی معاملات ان کو حل کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو تباہی اور بربادی سے نکالنے کے لئے واحد راستہ جمہور ی اور سیاسی آزادیاں ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے کہا کہ جی ٹی روڈ کے بعد کل پاکستان کا دل کراچی میں عوامی ریفرنڈم ہوگا۔ عمران خان کے پاس وقت ہے کہ باعزت طریقے سے جائیں ورنہ لوگ انہیں بھاگنے بھی نہیں دیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ گھبرائی ہوئی حکومت نے کل بھی میڈیا کو کنٹرول کیا تھا یہ پابندیاں اب عوامی سیلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔