جشن میلادالنبیؐ کے اجتماعات کو مناسب سیکیورٹی دی جائے، علماء
گڑھی خیرو (نور محمد جمالی/نامہ نگار) عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں نوری مسجد میں جماعت اہلسنت کی جانب سے اہم اجلاس، شہر میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، تفصیلات کے مطابق ماہ ربیع الاول اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں جماعت اہلسنت اور مختلف ذیلی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس نوری مسجد میں تعلقہ صدر سید نادر علی شاہ کی زیر صدارت منعقد کیا گیا، جس میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں پورے عشرے کے پروگراموں سمیت بارہ ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے انتظامات کو بھی حتمی ترتیب دی گئی، اس موقعے پر شہر میں ماہ ربیع الاول کے دوران مختلف گلی محلوں اور مرکزی جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، اس سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علماء کرام نے بتایا کہ ہر سال کی طرح ربیع الاول کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رسمی طور پر اجلاس تو بلائے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر کوئی بھی کام نہیں ہوتا، انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مرکزی جلوس کو دی جانے والی سیکیورٹی انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ایس ایس پی جیکب آباد سے معاملے کا نوٹس لیکر شہر میں صفائی ستھرائی اور مرکزی جلوس کے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔