عباسی شہیداسپتال کو درپیش مسائل حل کئے جائینگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی موجودہ حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں کی نئی اور جاری اسکیموں میں اصل کام کے ساتھ تمام متعلقہ کاموں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹھیکیدار کو اس وقت تک ادائیگی نہیں کی جائے گی جب تک دیئے گئے کاموں کی ہر لحاظ سے تکمیل نہیں ہو جاتی، متعلقہ انجینئر ہر مکمل شدہ روڈ یا اسکیم کی تصویر معہ تاریخ، وقت اور موجودہ صورتحال کو بھیجنے کا پابند ہو گا، زیر التوا اسکیموں میں سے انتہائی اہمیت کی حامل اسکیموں پر کام شروع کر کے دستیاب وسائل میں تیزی سے تکمیل یقینی بنائی جائے، مذکورہ ہدایات انہوں نے محکمہ انجینئرنگ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں دریں اثناء عباسی شہید اسپتال کے دورے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عباسی شہید اسپتال پر کراچی کے تیسرے بڑے اسپتال ہونے کے ناطے علاج معالجہ کے لئے آنے والے مریضوں کا دباؤ ہے اور جن حالات میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے فرائض انجام دے رہا ہے وہ قابل ستائش ہے، اسپتال کو ادویات کی کمی، مشینری، تعمیر و مرمت کے جو مسائل درپیش ہیں انہیں حل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اس اسپتال سے شہری استفادہ کرتے رہیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اسپتال کے دورے کے دوران ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کا اعزازیہ ترجیحی بنیادوں پر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ 1990 میں تعمیر ہونے والے ٹراما سینٹر کو مزید فعال بنایا جائے۔