کراچی کا جلسہ کٹھ پتلی حکمرانوں کیخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا، ناصرمحمودسومرو
کراچی (نیوز رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے رہنماشہید ڈاکٹرخالد محمودسومروکے صاحبزادے اور ضلع لاڑکانہ کے امیر علامہ ناصرمحمودسومرونے کراچی ضلع وسطی کے علاقوں شفیق کالونی، ڈی سلواٹائون نارتح ناظم آباد اور مختلف مقامات پر منعقدہ عوامی رابطہ آگاہی مہم کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کا جلسہ نااہل سلیکٹیڈاور کٹھ پتلی حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔دریں اثناء انہوں نے 18اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے PDMکے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف شخصیات اورجماعت کارکنان سے ملاقات کی اور جلسے کی کامیابی کے لئے بھرپورتیاریاں کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پرصوبائی ناظم مالیات مولانامحمدغیاث، ضلعی امیرمولاناعبدالرشید نعمانی، ضلعی جنرل سیکریٹری مولانازرین شاہ،ضلعی پریس سیکریٹری نورسلیم صابر ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔علامہ ناصرمحمودنے کہاکہ 18اکتوبر کو ہونے والاپی ڈی ایم کا جلسہ حکومت بھگائوتحریک میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا،عوام عمران خان کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے نالائق ونااہل حکومت سے نجات کے لئے پی ڈی ایم پر اعتمادکا بھرپوراظہارکریں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی جلسہ نالائق حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عوام اب تنگ آچکے ہیں اور تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق حکومتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں گے۔