پی ڈی ایم کا جلسہ حکومت سے نجات کا نقطہ آغاز ہے:پاکستان پیپلز موومنٹ
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز موومنٹ کے عہدیداران نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے نجات کا نقطہ آغاز قرار دیا ہے۔ پاکستان پیپلز موومنٹ کے چیئرمین سید منظور گیلانی، وائس چیئرمین سید نوبہار شاہ، سیکرٹری جنرل اظہر جمیل،تحسین فاطمہ اور سید حسنات نے ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ چیئرمین منظور گیلانی نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔ اظہر جمیل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد کو انتخابی اتحاد میں بدل کر نئی حکومت قائم کی جائے ۔ سید نو بہار شاہ کہتے ہیں کہ ملک کو مضبوط بنانے کے لیے سب کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ تحسین فاطمہ کہتی ہیں کہ عوامی مسائل کی وجہ غیر جمہوری قوتوں کا قبضہ ہے۔ ہمیں جمہوری قوتوں کا ساتھ دینا ہو گا۔ سید حسنات احمد کہتے ہیں کہ وقت آ گیا ہے کہ عام آدمی فیصلہ کرے کہ آزادی کی زندگی گزانی ہے یا غلامی کی۔