کلر سیداں ، قتل کے دو مختلف واقعات میں نامزد ملزمان گرفتار نہ ہوسکے
کلر سیداں (نامہ نگار) کلر سیداں میں چار یوم قبل ہونے والے قتل کے دو مختلف واقعات میں مقدمات میں نامزد ملزمان گرفتار نہ ہوسکے جبکہ ایس ایچ او تھانہ کلر سیداں سب انسپکٹر غضنفر عباس نے سب انسپکٹر افضال احمد، سب انسپکٹر عنصر محموداور اے ایس آئی راجہ عبدالمنصور کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں اور چار یوم کا عرصہ جانے کے باوجود ملزمان کی گرفتاریوں میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔یا د رہے کہ جمعرات کے روز گوجرخان روڈ پر واقع محلہ عادل آباد میں 23 سالہ مطلقہ فاطمہ نامی خاتون کو اس کے شوہر نذر گل نے اپنے دیگر چارساتھیوں کے ہمراہ گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جبکہ اسی دن تھانے روڈ پرمرزا رضوان پرویز کو شادی ہال کے تنازع پر قتل کر دیا گیا تھا اور مقتول کے بھائی کی مدعیت میں میاں بیوی کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔