گوجرانوالہ جلسہ میں عوام کے سمندر نے حکمرانوں کو ذہنی مریض بنا دیا : عبدالرحمان مرزا
بیول (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے ڈویژنل رہنماء و روحانی تحریک پاکستان کے بانی عبدالرحمان مرزا ، پی پی پی سٹی گوجرخان کے سیکرٹری جنرل محمد رمضان مرزا نے کہا کہ پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ جلسہ میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے حکمرانوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ، دوہرے نشان حیدر کی ملکہ تحصیل گوجرخان سے راجہ جاوید اشرف ، خرم پرویز راجہ ، سٹی صدر پی پی طاہر راحیل اعوان کی قیادت میں جانے والے جلوس نے تھرتھلی مچا دی، جگہ جگہ ناکے جگہ جگہ پکڑ دھکڑ نے بھی جعلی حکمرانوں کی طاقت کی قلعی کھول دی ، ایک وزیر کہتا ہے کہ جلسے میں تین ہزار آدمی تھے ، دوسرا وزیر کہتا ہے جلسہ میں آٹھ ہزار آدمی تھے ، تیسرا کہتا ہے کہ جلسہ میں نو ہزار آدمی تھے ، چوتھا وزیر آکربیان دیتا ہے کہ جلسے میں گیارہ ہزار آدمی تھے ، پانچواں وزیر کہتا ہے کہ جلسہ میں اٹھارہ ہزار آدمی تھے اور عمران خان کہتا ہے کہ سب جماعتوں نے مل کر ہمارے مینار پاکستان جلسہ سے بڑا جلسہ کیا ہے ،اگر ہمارا جلسہ چھوٹا تھا تو انہیں ڈسکس کرنے کی ضرورت کیا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران بری طرح ناکام ہوئے ہیں عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے ،عبدالرحمان مرزا نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی و مقامی قیادت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اس جمہوری سفر میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔