سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس ،40 ارب روپے کے 9 منصوبے منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت بدھ کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 40 ارب روپے کی لاگت کے 9 منصوبے منظور ، جبکہ 55.5 ارب روپے کی لاگت کے 2 بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں توانائی ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، صحت ، آبی وسائل کے شعبوں سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ،سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق 5 منصوبے پیش کیے گئے ، جس میں پہلا منصوبہ گلگت بلتستان فیز -1 میں علاقائی گریڈ کے قیام کے لیے 4959.187 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا ،پاور ڈویڑن کی جانب سے 220 کے وی نواب شاہ سب سٹیشن کی تعمیر کے لیے 6291.80 ملین روپے کی لاگت ، 220 کے وی لاڑکا نہ نیو سب سٹیشن کی تعمیر کے لیے 6449.40 ملین روپے کی لاگت ، ملک کے مختلف شہروں کے لیے ایمرجنسی ریکوری سسٹم کے لیے 220 کے وی موبائل گرڈ اسٹیشن اور ایمرجنسی سروس کے لئے 500 کے وی شینٹ ری ایکٹر کی خریداری کے لیے 6978.95 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ ، جبکہ 220 کے وی نواب شاہ سب سٹیشن کی تعمیر کے لیے 6399.84 ملین روہے کی لاگت کے منصوبے پیش کیے گئے ۔ جواجلاس میں منظور کر لیے گئے۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلا س میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے سے متعلق پاکستان ریسرچ ریکٹر 3 کے لیے 4856.398 ملین روہے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ دوسرا منصوبہ اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کے لیے 2851.231 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ پاکستان میں صحت کے شعبے میں نرسنگ اور مڈ وائفری کے ذیلی شعبہ جات کو مضبوط بنانے اور اس کی اپ گریڈیشن کے لیے 27908.545 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ سیف بلڈ ٹرانسفیوڑن سروس پروجیکٹ فیز 2 کے قیام کے لیے 863.367 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں میڈیکل ڈیوائس ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام کے لیے 331.12 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں پاکستان کے بارانی علاقوں میں چھوٹے ڈیموں کے کمانڈ ایریا میں اضافے کے لیے قومی سطح کے پروگرام کے تحت 27526.369 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س نے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔