علی ظفر عدالت میں معصوم بننے کی کوشش کررہا، عدالت کے مانگنے پر ثبوت بھی فراہم کروں گی:مینا شفیع
لاہور : اداکار و گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی گلوکارہ میشا شفیع نے کہا ہے کہ علی ظفر عدالت میں معصوم بننے کی کوشش کررہا ہے۔ جمعرات کو لاہور کی سیشن کورٹ میں گلوکار علی ظفر کی میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت ہوئی۔ میشا شفیع نے محمد ثاقب جیلانی اور تصور ایڈووکیٹ کی وساطت سے جواب جمع کرایا، انہوں نے کہا مجبور ہو کر علی ظفر کے خلاف قدم اٹھایا۔ علی ظفر اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا تھا۔ علی ظفر نے مجھے نجی اسٹوڈیو اور فیملی فنکشنز میں دو بار سے زائد ہراساں کی۔ عدالت کے مانگنے پر ثبوت بھی فراہم کروں گی۔ میشا شفیع نے کہا علی ظفر عدالت میں معصوم بننے کی کوشش کررہا ہے۔ میشا شفیع نے عدالت سے اپنے خلاف ہونے والے دعوی کو مسترد کرنے کی بھی استدعا کی۔ بعد ازاں عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔