سکردو: سکردو کے علاقے دیوسائی میں برفباری کے باعث پھنسے 10 افراد کو نکالنے کےلیے ریسکیو آپریشن دوبارہ جاری ہے۔
برفباری میں پھنسے افراد میں سویڈن کا ایک سیاح،محکمہ وائلڈ لائف کے 5 اہلکار اور 4 مقامی افراد شامل ہیں۔ برفباری کے باعث راستے بلاک ہونے سے تمام افراد 3 روز سے دیوسائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز شدید برف باری اور خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تھا۔
آزاد کشمیر میں گزشتہ دو روز کی بارش اور بالائی مقامات پر برف باری سے علاقے میں سرد ہواوں نے بسیرا کر لیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں موسم انتہائی خوشگوار ہوا ہے جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک کے طول عرض سے سیاح بھی بڑی تعداد میں آزاد کشمیر کا رخ کر رہے ہیں۔ ٹھنڈے موسم کا مزہ لینے کے لیے آزاد کشمیر آنے والوں کا کہنا ہے کہ گرم علاقوں سے یہاں آکر موسم کی کیفیت کو الفاظ میں بیان کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔
قبل ازوقت برف باری سے کئی علاقوں کا خلاف معمول درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ۔ یخ بستہ ہواوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری سے قبل ہی غیر متوقع سردی کی شدت بڑھنے سے بالائی علاقوں کے مکینوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔