عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں: فخر امام
کبیروالا(نامہ نگار)ممبر قومی اسمبلی سید فخرامام نے کبیروالا شہرسمیت مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کو سنگین بحرانوں سے نکلنے کیلئے ’’ذہانت ‘‘ سے کام لینا ہوگا،نئے آبی ذخائر کی تعمیروقت کی اہم ضرورت ہے ،ماضی میں نئے ڈیمز کی تعمیر میں غفلت کا نتیجہ آج پانی کی شدید کمی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ،ملکی سلامتی کے تحفظ اور عوام کو ریلیف دینے حوالے سے حکومت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں ،جمہوری رویوں کے فروغ اور اداروں کو مستحکم کرنے سے ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے مخدوم سید باقر سلطان گردیزی،سید ذوالقرنین حیدر بخاری فیاض اسلم چوہدری،میاں معصب عبداللہ ،رائو عمران مانی،سید فرخ رضا،سید سہیل عابدی ،حفیظ سعیدی،رانا عابد مصطفیٰ،رائو محمد ندیم نمبردار ،محمد رفیق بھٹہ اور دیگر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کبیروالا کے عوامی مسائل کے حل کرنے اور علاقائی تعمیر وترقی کیلئے ترقیاقی منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں جائیں گی۔