بجلی چوری میں ملوث بڑے مگر مچھوں کیخلاف کارروائی کی جائے: ڈی سی لودھراں
لودھراں(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے بڑے مگر مچھوں پر آہنی ہاتھ ڈالے جائیں اور اُن سے بجلی چوری کے ریونیو وصول کیئے جائیں گے۔ انہوںنے یہ بات اپنے دفتر میں بجلی چوری کی ٹاسک فورس کی ضلعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو عارف ضیائ، ایس ای بہاول پور میپکو جام گل محمد ، ایکسین خواجہ نیاز احمد، ایکسین کہروڑ پکا سجاد حسین طارق ، خالد محمود ایس ڈی او ، عبدالطیف ڈی او آئی بی ، چوہدری برکت علی سکیورٹی آفیسر اور دیگر افسران شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ بجلی چوری کی مستقل بنیادوں پر روک تھام کیلئے بجلی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں فوری جیل بجھوایا جائے ۔ انہوںنے میپکو حکام کو ہدایت کی کہ محکمے کے پاس پہلے سے موجود بجلی چوروں کی لسٹیں انتظامیہ کو فراہم کی جائیں ۔ اجلاس میں طے پایا کہ مختلف ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر بجلی چوری کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔