منشا بم اور بیٹا 10روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوا لے
لاہور (نیٹ نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹے کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، وکیل منشا بم کا کہنا تھا کہ منشا بم کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات نہیں بنتی، ملزم سے پولیس نے کچھ بھی برآمد نہیں کرنا جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔ پراسیکیوٹر وقار بھٹی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ منشا بم نے 27کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے 80دکانیں تعمیر کر رکھی ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں 60کروڑ روپے کرایہ وصول کیا، عدالت منشا بم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرے۔اس موقع پر عدالت نے 10 روزہ ریمانڈ پر انہیں پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ ایل ڈی اے ٹیم پر حملہ کیس میں عدالت نے کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔