حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ کی مخلوق سے کچھ لوگ اہل اللہ ہیں ، صحابہ نے عرض کی : یارسول اللہ ! وہ کون ہیں؟ آپ نے فرمایا : اہل قرآن ، وہ اہل اللہ ہیں اوراللہ کے خاص بندے ہیں۔ (سنن کبریٰ )
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : صرف دو شخصوں میں حسد (رشک )کرنا جائز ہے ، ایک وہ شخص جس کو اللہ نے مادل دیا اوروہ دن رات اس مال و(اللہ کی راہ میں )خرچ کرتا ہے اوردوسرا وہ شخص جس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن دیا اوروہ دن رات قیام میں قرآن پڑھتا ہے۔(سنن کبریٰ)
حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص نے قرآن مجید پڑھا اوراس کو حفظ کیا، اللہ تعالیٰ اس کو جنت میں داخل کردے گااوراس کو اس کے گھر کے دس ایسے افراد کی شفاعت کرنے والا بنائے گا جن میں سے ہر ایک کے لیے جہنم واجب ہوچکی ہو۔(سنن ابن ماجہ)
حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں قرآن مجید پڑھانے کا حکم دیا اوراس پر برانگیختہ کیا، اورفرمایا: قیامت کے دن جب قرآن پڑھنے والے کے گھر والوں کو بہت سخت حاجت ہوگی تو قرآن ان کے پاس آئے گا اورمسلمان سے کہے گا مجھے پہچانتے ہو؟ وہ شخص کہے گا : تم کون ہو؟ وہ کہے گا: میں وہ ہوں جس سے تم محبت کرتے تھے اوراس سے جدائی کو ناپسند کرتے تھے، جو تم کو کھینچتا تھا اورتم کو قریب کرتا تھاوہ شخص کہے گا: شاید تم قرآن ہو، پھر قرآن اس کو اس کے رب کے پاس لے جائے گا، اس کے دائیں طرف فرشتہ ہوگا اوربائیں طرف جنت ہوگی، اس کے سرکے اوپر سکینہ کو رکھا جائے گا، اور اس کے ماں باپ کو تمام دنیا سے قیمتی حلے دئیے جائیں گے ، وہ کہیں گے کہ ہمارے اعمال تواس انعام کے لائق نہیں ، یہ کس چیز کا صلہ ہیں ؟ قرآن کہے گا: یہ تمہارے بیٹے کے قرآن پڑھنے کی وجہ سے ہے۔ (مجمع الزوائد )
حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کے بزرگ لوگ حاملین قرآن ہیں ۔ (مجمع الزوائد)
معاذبن انس رضی اللہ عنہ ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں آپ نے فرمایا : جس شخص نے سبحان اللہ العظیم کہا اس کے لیے جنت میں ایک پودا اگایا جاتا ہے اورجس نے پورا قرآن پڑھا اوراس پر عمل کیا اس کے والدین کو ایک تاج پہنایا جائے گا جو سورج کی روشنی سے زیادہ حسین ہوگا۔ (مجمع الزوائد)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024