ناصر بشیر صاحب کی کتاب ’’حج بیتی‘‘ میرے ہاتھ میں ہے‘ جسے پڑھ کرخود کو ہلکا پھلکا محسوس کررہا ہوں اور یوں محسوس ہورہا ہے کہ جیسے حج کی سعادت میں خود حاصل کرکے آیا ہوں۔ انہوں نے جس شگفتہ انداز سے حج کی روداد اور زیارتوں کا احوال بیان کیا ہے‘ پڑھنے والے کو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود وہاں پر موجود ہے اور نہ صرف ان زیارتوں کو دیکھ کر اپنی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچا رہا ہے بلکہ اس وقت ایمان والوں پر جو روح پرور کیفیت طاری ہوتی ہے‘ قاری اس میں محو ہو کر رہ جاتا ہے۔ ناصر بشیر کا یہ خاصا ہے کہ وہ اس طرح قاری کو اپنا رفیق بنا لیتے ہیں جیسے وہ انکی جگہ خود محو سفر ہے۔ اس مبارک سفر پر بہت سے سفرنامے لکھے جاچکے ہیں لیکن ناصر بشیر کی ’’حج بیتی‘‘ اپنی بے ساختگی کی وجہ سے قارئین کو ہمیشہ یاد رہے گی۔ اس کتاب کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ ان طالب علموں کیلئے نہایت مفید ہے جو اس موضوع پر ایم فل کررہے ہیں۔ وہ یہ سمجھ لیں کہ اس موضوع پر تیار شدہ شاندار مقالہ انکے ہاتھ میں آگیا ہے۔ناصر بشیر اردو کے استاد ہیں‘انہوں نے اس مقدس پیشے میں رہ کر اپنی بیش بہا خدمات پیش کی ہیں اور کررہے ہیں ۔ اردو شاعری میں بھی اپنا نام پیدا کیاہے بالخصوص نعت گوئی میں انہیں ایک مقام حاصل ہے۔ 216 صفحات کی یہ خوبصورت کتاب ‘ کتاب ورثہ غزنی سٹریٹ اردو بازار لاہور نے شائع کی ہے جس کی قیمت 500/- روپے ہے۔ فون: 0333-4377794۔ (تبصرہ: سلیم اختر)
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38