نوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے روکنے کیلئے آگہی مہم چلائی جائیگی
اسلام آباد( نوائے وقت نیوز) وزارت انسداد منشیات نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، اسلام آباد کے اشتراک سے این ایچ اینڈ ایم پی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منشیات پر آگاہی سیشن کا اہتمام کیا۔ سیشن میں این ایچ اینڈ ایم پی کے فیلڈ انسپکٹروں/ سب انسپکٹروں، پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی سینئر عہدیدار محترمہ فرح ناز، اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات، G-10/4 اسلام آباد کی اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ تسنیم میر کے علاوہ کالج کی سینئر گرلز گائیڈ طالبات نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات اقبال محمود اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ انسپکٹر جنرل این ایچ اینڈ ایم پی بھی موجود تھے۔ وزارت انسداد منشیات کے پینل میں کلینکل سائیکالوجسٹ اور بین الاقوامی سند یافتہ ماہر محترمہ انیلہ شہریار اور سیکشن آفیسر اکبر غنی خان خٹک شامل تھے۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد فیلڈ افسران میں منشیات کے بارے میں آگاہی بہتر بنانا اور انہیں موجودہ صورتحال کی شدت سے آگاہ کرنا تھا۔ مزید برآں انہیں بتایا گیا کہ وہ منشیات کے خلاف جنگ میں اپنا کردار کس طرح ادا کر سکتے ہیں۔ بعد ازاں سوال وجواب کے سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات اقبال محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزارت انسداد منشیات نے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ذریعے ملک بھر میں بالخصوص نوجوانوں میں منشیات سے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں آگاہی بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آئی جی پولیس نے آگاہی سیشن کے اہتمام پر وزارت انسداد منشیات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس کٹھن صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزارت انسداد منشیات اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ وزارت انسداد منشیات کو اس طرح کے آگاہی سیشن این ایچ اینڈ ایم پی کے تمام زونز میں منعقد کرنے چاہئیں۔