وفاقی حکومت نے کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کرنے کا اعلان کردیا جس کے مطابق اسد عمر کو بھی وزارت دی گئی ہے۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اسد عمر کو وزیر برائے منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشٹو ، خسرو بختیار کو وزیر پیٹرولیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزارتوں کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائےگا۔
وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل۔اسد عمر منصوبہ بندی اور سپیشل انییشٹو جبکہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ۔اس ضمن میں جلد نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 18, 2019
یاد رہے کہ تین روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے معاملے پر ایک بار پھر غور شروع کردیا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ ردوبدل کافیصلہ کچھ عرصے قبل کیا گیا تھا تاہم دھرنے اور سیاسی صورتحال کے باعث فیصلے کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔
وفاقی کابینہ میں اس وقت 24 وزراء مختلف قلمدانوں پر ہیں جن میں سے عمر ایوب خان کے پاس پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی قلمدان ہے جو اب خسرو بختیار کو دیا جارہا ہے۔خسرو بختیار کے پاس پلاننگ، ڈویلمپنٹ اور ریفارم کی وزارت تھی تاہم اب یہ وزارت اب اسد عمر کو سونپی جارہی ہے۔اسد عمران تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بننے والی پہلی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پیکج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے وزیر خزانہ کا قلمدان خالی ہے اور اس وقت عبدالحفیظ شیخ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔