معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی جنرل کی کشمیری خواتین سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریٹائرڈ جنرل کی ٹی وی پر کشمیری خواتین کے ریپ کی حمایت کے گھٹیا بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں،اخلاق سے عاری اور فسطائیت سے بھرپور یہ سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں۔عالمی برادری بھارتی فوج کے ایسے ذہنی بیماروں اور انسانیت کے مجرموں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بیانات قاتل اورغاصب مودی حکومت کے ان دعوؤں کی کھلی تردیدہیں کہ کشمیر میں زندگی معمول پرآگئی ہے۔سلام پیش کرتےہیں اپنی کشمیری ماؤں اوربہنوں کوجنہوں نے جرات، شجاعت اوربہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا،جدوجہدآزادی میں کشمیریوں کی قربانیاں اور خدمات تاریخ کاناقابل فراموش باب ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹی وی شو میں بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا نے غصے میں خواتین کی موجودگی میں کشمیری خواتین سے زیادتی کی حمایت کی جس پر انہیں پروگرام کی اینکر اور پینل میں شامل دیگر ارکان کی جانب سے شدید مذمت کا سامنا کر نا پڑا ۔لیکن سلسلہ یہاں ہی نہیں تھما بلکہ سوشل میڈیاپرسابق بھارتی جنرل کے بیان کی دنیا بھر میں شدیدمذمت کی جارہی ہے اور صارفین نے بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024