مغلپورہ : ،موٹرسائیکل سوار 2بچوں کا باپ گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق
لاہور (نامہ نگار، نیوز رپورٹر) مغل پورہ کے علاقے میں 35 سالہ موٹرسائیکل سوار 2 بچوں کا باپ گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی آئی جی آپریشن نے ایس ایچ او کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گجر پورہ کے علاقہ بیگم پورہ کارہائشی دو بچوں کا باپ35سالہ عامر علی گزشتہ روز صدر بازار جانے کے لئے موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا۔ جب وہ مغلپورہ فلائی اوور پر پہنچا تو اچانک اس کے گلے پرکٹی پتنگ کی دھاتی ڈور پھرگئی جس سے عامر علی کی گردن سے خون کا فوارہ ابل پڑا اور وہ موٹر سائیکل سے نیچے گر گیا، زخمی عامر علی موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ پولیس نے نامعلوم پتنگ باز کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ا س سے قبل ساندہ میں 20 سالہ عثمان جبکہ شاہدرہ ٹاؤن میں بھی ایک نوجوان کی ڈور پھرنے سے ہلاکتوں کے دلخراش واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے مغل پورہ کے علاقہ میں پتنگ کی ڈور سے نوجوان عامر علی کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مغل پورہ مدثر اللہ خان کو فوری طور پر معطل کرکے لائن حاضر کردیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نوید کو معاملہ کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مغلپورہ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی کے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ جہاں پتنگ بازی کا واقعہ ہوا وہاں متعلقہ پولیس افسران ذمہ دارہوں گے۔
ڈور پھرنے سے ہلاکت
لاہور (نامہ نگار) لاہور میں گزشتہ روز پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس پتنگ بازوں کو روکنے میں ناکام رہی۔ پولیس نے خانہ پوری کے لئے چند پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا جبکہ متعدد پتنگ بازوں سے مبینہ طور پر سازباز کر کے ان کو چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی چھٹی کے روز پتنگ بازوں نے شہر کے مختلف علاقوں شاہدرہ، ٹبی سٹی، مصری شاہ، اسلام پورہ ، نیوانارکلی، گجر پورہ، شالیمار، سول لائن، قلعہ گجر سنگھ ، گڑھی شاہو، لٹن روڈ، مزنگ، شیراکوٹ، وحدت کالونی، اقبال ٹائون، گلبرگ، لیاقت آباد، نشتر کالونی، فیکٹری ایریا، غازی آباد، ہنجروال، ٹائون شپ، دھرم پورہ، ہربنس پورہ، صدر بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس اس قاتل کھیل کو روکنے میں ناکام رہی۔ پولیس نے خانہ پُری کرنے کے لئے اعلیٰ افسروں کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں سے23پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا۔ دوسری جانب شہر کی مختلف سڑکوں پر نوجوانوں کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ کینال روڈ، شاہراہ قائد اعظم، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس سمیت دیگرعلاقوں میں اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میںموٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دئیے۔ پولیس اس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
پتنگ بازی