شہزاد چارلس اور کیمیلا ایک ہفتے کے طویل دورے پر نیوزی لینڈ پہنچ گئے
ویلنگٹن(آن لائن) شہزاد چارلس اور ڈچز آف کورنوال کیمیلا اتوار کو ایک ہفتے کے طویل دورے پر نیوزی لینڈ پہنچ گئے ہیں جس میں ماحولیاتی معاملات اور گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے لئے حمایت پر توجہ مرکوز رہے گی ۔ نیوزی لینڈ کے داخلی امور کے محکمہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادہ اور شہزادی اہم شعبوں میں کام سے متعلق پروگراموں اور تنظیموں کا دورہ کریں گے جس میں وہ مدد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔شہزادہ ماحولیاتی معاملات بالخصوص پلاسٹک فضلے کے مسئلے سے نمٹنے پر توجہ دیں گے ۔شہزادی گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی اس شعبے میں کام کرنیوالی تنظیموں کے کام کو اجاگر کرنے کیساتھ ان کی حمایت جاری رکھیں گی ۔شاہی جوڑے کا سرکاری دورہ پیر کو آکلینڈ میں ایک جنگی یاد گار کے مقام پر پھول چڑھانے کی تقریب سے شروع ہوگا ،یہ ان کا نیوزی لینڈ کا تیسرا مشترکہ دورہ اور چار سال کے عرصے میں پہلا ہے ۔