امریکہ نے جاپان سے فوجی اڈوں کے لیے مزید ادائیگی کا مطالبہ کر دیا
واشنگٹن (اے پی پی) ایک امریکی جریدے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے جاپان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں امریکی فوجی اڈوں کے اخراجات کا پہلے سے زیادہ حصہ برداشت کرے۔فارن پالیسی میگزین نے اپنی اشاعت میں بتایا ہے کہ جولائی میں اْس وقت کے امریکی سلامتی مشیر جان بولٹن نے اپنے دورہ جاپان کے دوران جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ موجودہ سالانہ اخراجات کا تقریباً 4 گنا ادا کیا کرے۔ اس کا مطلب موجودہ 2 ارب ڈالر سالانہ کی بجائے 8 ارب ڈالر سالانہ ادائیگی ہے۔فوجی اڈوں کے اخراجات میں جاپان کے حصے کے معاملے پر دونوں ممالک میں دوبارہ مذاکرات آئندہ سال سے دوبارہ شروع ہوں گے۔حکومت جاپان کے ایک عہدیدار نے کہا کہ انہیں اس امریکی درخواست کا کوئی علم نہیں۔واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ جنوبی کوریا سے کہہ چکی ہے کہ وہ امریکی افواج کی موجودگی کے لیے موجودہ سالانہ ادائیگی کو 5 گنا بڑھائے۔