گیارہ عظیم شاعر
معروف ادیب اور انشاء پرداز سید ارتضیٰ علی کرمانی کی اردو کے گیارہ عظیم شاعروں کے مختلف سوانح اور شاعری سے انتخاب پر مشتمل تصنیف چودھری اکیڈمی الفضل مارکیٹ اور پنجاب بک ڈپو لاہور سے شائع ہو گئی۔ ناشر محمد خالد چودھری ہیں۔ 512 صفحات پر مشتمل اس مجلد کتاب کی قیمت 700 روپے رکھی گئی۔ جن شعراء کو مجموعے کی زینت بنایا گیا ان میں میر تقی میر‘ غالب‘ مرزا محمد رفیع سودا‘ خواجہ میر درد‘ استاد ذوق‘ امیر مینائی‘ مولانا الطاف حسین حالی‘ مولانا حسرت موہانی‘ علامہ اقبال اور فیض احمد فیض شامل ہیں۔ ہر شاعر کے کلام کے انتخاب کے ساتھ مختصراً سوانح بھی دیئے گئے ہیں۔ اردو میں عظیم شاعروں کی تعداد درجنوں سے کم نہیں۔ انتخاب بڑا مشکل سوال تھا۔ سید ارتضیٰ علی کرمانی نے اس مشکل سوال کو بڑی خوبصورتی سے حل کیا ہے۔ کلام کا انتخاب صاحب تصنیف کے بلند ذوق کا شاہد ہے۔ بقول فرحت عباس شاہ ہر تخلیق کار تخلیفی مراحل سے گزرتے ہوئے اس میں اپنے جگر کا لہو بھی شامل کرتا ہے اور لگتا ہے کہ ارتضیٰ شاہ نے اپنے جگر کا پورا لہو اس میں سمو دیا ہے۔ انہوں نے ارتضیٰ شاہ کو خوبصورت خراج تحسین پیش کرکے اہل ذوق کی طرف سے واجب الادا قرض بہ شکل داد ادا کردیا ہے۔ کتاب اردو ادب کے دلدادگان اور طلباء کیلئے خوبصورت تحفہ ہے۔ دلچسپ اتنی کہ شروع کرکے بغیر ختم کئے چھوڑنا مشکل ہے۔تبرہ نگار: حفیظ الرحمن قریشی