اشتہار
میرا ایک بے حد پڑھا لکھا سابق بیورو کریٹ دوست کئی دنوں سے شدید ذہنی دبائو کا شکار تھا۔ پریشانی کی وجہ گھر والوں کو معلوم تھی‘ لہٰذا ایک نہ ایک شخص ہر وقت ان کے آس پاس رہتا اور مسئلہ پیدا ہوتے ہی اس کا مداوا کر دیتا تھا۔ اس افسوسناک صورتحال کے پیچھے دو عدد TVاشتہارات ہیں۔ جو غالباً انہوں نے دو ایک مرتبہ پورے دیکھ اور سن لئے تھے اور عالم یہ ہے کہ سکرین پر ان کے آثار پیدا ہوتے ہی موصوف ہتھے سے چھوٹ جاتے ہیں اور چیخنے چلانے کے علاوہ جو ہاتھ میں آئے TV پر دے مارتے ہیں۔ بالآخر ان کے کمرے میں لگی LCD موصوف کے غضب کا نشانہ بن گئی۔ ریموٹ اس زور سے پھینکا کہ سکرین ومافیھا ایک چھنا کے سے بکھر گئی۔
موصوف کو پاگل کرنے والے اشتہار دو ہیں۔ ایک بالوں کو باندھنے والی کالے رنگ کی کوئی چیز اور دوسرا غالباً کچن بند کرنے کے بارے میں ہے۔ ہوش و حواس میں تھے تو اس CONTENT پر پرمغز احتجاج کرتے تھے اور اب ان کی لاچاری دیکھی نہیں جاتی۔ پیمرا کا اس مسئلہ کے بیچ کوئی کردار ہے کہ نہیں؟