حکومت نے غریبوں کے منہ سے جو نوالہ چھینا ہے، اس پر اپوزیشن اسی طرح شور مچاتی رہے گی: مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے تحریری بیان میں کہا ہے کہ فواد چوہدری کو اپنے یوٹرن وزیراعظم کے بارے میں بیان دیتے وقت شرم تو آتی ہو گی ۔اپوزیشن حکومت کی نااہلی، چوری، جھوٹ اورعوام پر گرائے گئے مہنگائی کے بم پر شور مچاتی ہے، یہ شور ہم مچاتے رہیں گے۔حکومت نے غریبوں کے منہ سے جو نوالہ چھینا ہے، اس پر اپوزیشن اسی طرح شور مچاتی رہے گی۔علیمہ خان کی طرح حکومت اپنے اردگرد بیٹھے چوروں کو خاموشی سے این آر او ددینے کی کوشش کر رہی ہے۔اپوزیشن پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑنئی نوکریاں دینے کا سوال پوچھتی رہے گی۔ جواب دیں کہ 800 ارب والے کتنے آپ کے دائیں بائیں بیٹھیں ہیں اور کب کب کن کن کو علیمہ باجی کی طرح این آر او دینے کا ارادہ ہے -