وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ناورے کی کمپنیوں کو پاکستان میں متبادل توانائی، پانی، ویسٹ مینجمنٹ، فشریز اور پورٹس اینڈ شپنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ناورے کی کمپنیوں کو پاکستان میں متبادل توانائی، پانی، ویسٹ مینجمنٹ، فشریز اور پورٹس اینڈ شپنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ناروے کی کمپنیوں کو یہ دعوت اپنے نارویجن ہم منصب ایرکسن سوریڈ سے ابوظہبی میں سربنییاس فورم کے موقع پر ملاقات کے دوران دی۔ وزیر خارجہ نے نارویجن کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ٹیلی نار کے کامیاب بزنس ماڈل کی تقلید کریں۔ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور پارلیمانی رابطوں کے فروغ کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ناروے کے مختلف شعبوں میں پاکستانی برادری کے فعال کردار کی تعریف کی اور کہا کہ یہ پاکستانی نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عوام کے رابطوں کے فروغ کا ذریعہ بھی ہیں۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور وہاں امن اور مفاہمت کی اہمیت اجاگر کی۔ ناورے کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دورہ ناروے کی دعوت بھی دی۔