وزیراعظم کی شیخ محمد بن زید سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال
وزیر اعظم عمران خان نے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النیہیان سے ملاقات کی ہے۔صدارتی پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدارتی پیلس پہنچنے پر ابوظہبی کے ولی عہد نے پاکستانی وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم اور مشیر برائے تجارت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ یو اے ای کے ولی عہد وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نائب صدر اور وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی اہم ملاقات کریں گے۔ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں بھی پاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے کے لیے دوست ممالک کے دورے کیے ہیں اوراس دوران پاکستان نے معاشی مشکلات سے متعلق دوست ممالک کو آگاہ کیا ہے۔سعودی عرب اور چین ماضی میں بھی پاکستانی معیشت کو سہارا دے چکے ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو تین ارب ڈالر نقد رقم اور ادھار تیل دینے کا وعدہ کیا ہے جس کی پہلی قسط آئندہ چند روز میں مل جائے گی۔چین نے بھی مثبت جذبات کا اظہار کیا ہے اور دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ انفرا سٹرکچر اور اہم قومی شعبوں میں نہ صرف فوری ریلیف حاصل ہوگا بلکہ سی پیک سمیت کئی ایک اہم منصوبوں کو مکمل کرنے میں بھی مدد حاصل ہو گی۔