ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام‘ 227 رنز پر آئوٹ‘ بابر کی نصف سنچری
لاہور( نمائندہ سپورٹس )ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ لائن ناکام ہو گئی اور بڑی برتری حاصل نہ کرسکی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی بائولرز کی شاندار بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تاہم پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو27 کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنرز امام الحق اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے، حفیظ 20 اور امام الحق 6 رنز ہی بناسکے جبکہ کھیل کے دوسرے دن حارث سہیل اور اظہر علی بھی پہلے سیشن میں ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ حارث 38 اور اظہر علی 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔بابراعظم اور اسدشفیق نے 83 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اسد شفیق 43 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سرفرازاحمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بلال آصف کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی اور یاسر شاہ 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 62 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔حسن علی چار نز بناکر چلتے بنے جبکہ محمد عباس کوئی رن بنائے بغیر ناٹ آئوٹ رہے۔پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ ٹرینٹ بولٹ نے چار ‘اعجاز پٹیل اور گرینڈ ہوم نے دو دو جبکہ نیل ویگنر اور ایش سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔گرین شرٹس نے 74رنز کی برتری حاصل کی ۔ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56رنز بنالئے ہیں‘گرین شرٹس کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید اٹھارہ رنز درکار جبکہ نو وکٹیں باقی ہیں ۔ کیویز ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز راول اور ٹام لاتھم نے کیا ۔ ٹام لاتھم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ راول چھبیس اور کپتان کین ولیم سن ستائیس رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی کپتان کین ولیم سن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکا وہ 63 رنز بنا کر سرفہرست رہے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ 3، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل 2،2 جبکہ بلال آصف نے ایک وکٹ حاصل کی۔