حکمران مولاجٹ نہیں قائداعظم کی پیروی کریں:حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران مولاجٹ کی بجائے قائداعظم کی پیروی کریں۔ پولیس افسر کے قتل پر افغان حکومت سے سخت احتجاج کیا جائے۔ افغان سرزمین کا پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لئے استعمال ہونا افسوسناک ہے۔ مسئلہ کشمیر پر شاہد آفریدی کا بیان قومی موقف کے منافی ہے۔‘‘ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا خواب جلد پورا ہو گا۔ حکومت الزام تراشی کی سیاست سے باہر نکل کر ملک کی سلامتی اور عوامی مسائل کی فکر کرے۔ الزام اور انتقام کی سیاست ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ملک کو اس وقت قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ سیاست میں عدم برداشت کا بڑھتا رحجان انتہائی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے۔ وزراء کی بدزبانی کی وجہ سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مذہبی و سیاسی راہنما عدم برداشت کے پھیلتے کلچر کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت عوام کو سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی کے لئے فرسودہ نظام تبدیل کرے۔ طبقاتی نظام تمام مسائل کی جڑ ہے۔ پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ کی بدزبانی افسوسناک ہے۔ حکومت کے سو دن کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نادان دوستوں میں گھری ہوئی ہے۔ عمران خان کی ٹیم ناتجربہ کار اور نااہل ہے۔ نئے حکمرانوں نے پرانے حکمرانوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ افغانستان میں پاکستانی پولیس افسر طاہر داوڑ کا سفاکانہ قتل قابل مذمت سانحہ ہے۔