مسلمان زندگیوں کواللہ اور رسول ؐ کے احکامات کے تابع بنائیں :حافظ ادریس
لاہور ( سپیشل رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمدادریس نے کہاہے کہ حضوراکرم ؐکی حیات مبارکہ کا ایک ایک لمحہ مسلمانو ں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نکالنے اور عالمی امن کے قیام کے لیے نبی آخر الزمان حضرت محمد ؐ کی زندگی کو اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ قرار دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ اور رسول ؐ کے احکامات کے تابع بنائیں اور کوشش کریں کہ کسی انسان کو ہمارے ہاتھ اور زبان سے تکلیف نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام محبت و اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتاہے ۔ ایک دوسرے کی عزت اور جان و مال کی حفاظت سب پر لازم ہے ۔ اگر اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جائے تو پوری دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکتی ہے ۔