حکومت نے تجاوزات کیخلاف آپریشن میں بھی یوٹرن لے لیا
رائے ونڈ (نامہ نگار) عمران حکومت نے تجاوزات آپریشن میں یوٹرن لیکر ووٹ بچالئے، رائے ونڈ میں قبضہ مافیا اور پختہ تجاوزات کیخلاف ہونے والا گرینڈ آپریشن سیاسی مفاہمت کی نذر ہوگیا ،آئندہ چند روز تک صرف عارضی تجاوزات کو ہٹانے کا کام کیا جائے گا ،تفصیلات کے مطابق سابقہ ن لیگی حکومت میں رائے ونڈ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے یہاں پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،فلائی اوور اور جنرل بس سٹینڈ بنانے کا گرینڈ پلان مرتب کیا گیا جس کیلئے رائے ونڈ کی رابطہ سڑکوں لاہور روڈ ،مانگا روڈ ،سندر روڈ اور قصور کوٹرادھاکشن روڈ پر بلڈنگوں اور پلازوں کی شکل میں سیاسی بنیادوں پر قائم تجاوزات کو ختم کرکے تمام سڑکوں کو 65تک کشادہ کرنا بھی پلان کا اہم اور انتہائی ناگزیر حصہ تھا ،لیکن سابقہ حکومت نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور جنرل بس سٹینڈ پر کروڑوں روپیہ لگانے کے بعد فلائی اوور بنانے کے دوران ووٹوں کے نقصان کے پیش نظر شاندارپلان کا بیڑہ غرق کردیا اور تمام رابطہ سڑکوں پر قائم عمارتوں کی معمولی کانٹ چھانٹ کرکے اس کو گرینڈ آپریشن کا نام دیکر فائل بند کردی گئی ، نتیجتاً رائے ونڈ میں ٹریفک کا بوجھ کم ہوسکا اور نہ تجاوزات کا ناسور ختم نہ ہوسکا ۔