پی ٹی آئی نے سوروز میں ہزار مسائل پیدا کردیئے ہیں:راناطارق
رائے ونڈ (نامہ نگار)مسلم لیگ نون کے رہنماء ایم پی اے کرنل( ر) رانا محمد طارق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سو دنوں میںہزار مسائل پیدا کر لیے ہیں، عمران خان اپنے دائیں بائیں بیٹھے لوگوں سے کرپشن کے خلاف جنگ کا آغاز کریں، تبدیلی صرف کھوکھلے نعروں سے نہیں آتی،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام کی خدمت کی سزا دی جا رہی ہے اور یہ سزا بیرونی ملک دشمن طاقتوں کی ایماء پر ان کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہے ، تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،کرنل (ر) رانا محمد طارق نے کہا کہ معاشی بحران کے ذمہ دار عمران ہیں، کٹ پتلی وزیراعظم نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران جھوٹے دعوے کر کے وقت ضائع کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کرنے میں مکمل نا کام ہو چکی ہے، پنجاب اور وفاق میں کوئی بھی عوامی اور فلاحی منصوبہ ابھی تک منظر عام پر نہیں آیا جبکہ اس کے برعکس سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ملکی مسائل کے حل کے لیے شب و روز محنت کی اور سنگین بحرانوں کا خاتمہ کیا۔