سی پیک کے خلاف پراپیگنڈہ : مشترکہ کوششوں کی ضرورت
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چائنا اکنامک نیٹ اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ میڈیا فورم سے دونوں ملکوں کے اقتصادی ماہرین اور دانشوروں نے سی پیک کے خلاف پراپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ سی پیک کے حقیقی تناظر کو اجاگر کئے بغیر بیلٹ اینڈ روڈ کے مقاصد حقیقت کا روپ نہیں دھار سکیں گے ۔انہوں نے پاکستان اور چین کی سدا بہار دوستی اور تعاون کو اجاگر کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر مستقبل کے لئے مشکلات پر قابو پانا ہوگا ۔
سی پیک منصوبے کا اعلان ہوتے ہی بھارت اور امریکہ کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہوگئے بھارت کو یہ تکلیف تھی کہ اس منصوبے کی بدولت پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کا ایک ایسا دور شروع ہوگا کہ وہ پیچھے رہ جائے گا۔ امریکہ کا دکھ یہ تھا کہ سی پیک منصوبہ چین کو ایسے مواقع اور امکانات فراہم کرے گاکہ مشرق وسطیٰ ، اور افریقہ کی مارکیٹیں اس کے ہاتھ سے نکل جائیں گی۔ یوں بھارت اور امریکہ کے دکھ جدا جدا تھے ، مگر درد ایک تھا، انہوں نے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے الگ الگ کوششیں کرنے کی بجائے ، مل کر سازشیں کرنے کا فیصلہ کیا ۔ امریکہ نے سامنے آنے کی بجائے،سازشوں کا ٹاسک بھارت کو دیتے ہوئے پیچھے سے ڈوری ہلانے کا فریضہ سنبھال لیا ۔چنانچہ فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک والے علاقوں اور بالخصوص بلوچستان میں اس قدر بد امنی پھیلائی جائے کہ چینیوں کے لئے پر امن فضا میں کام کرنا ممکن ہی نہ رہے تاہم ایجنسیوں نے ر اکے چیف ایجنٹ ٹو پاکستان کل بھوشن یادیو کو گرفتار کرکے اور پاک فوج نے شورش پسندوں اور دہشت گردوں کاخاتمہ کرکے دشمنوں کی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ اس محاذ پر ناکام ہوکر امریکہ اور بھارت نے نام نہاد ماہرین معاشیات اور دانشوروں کی ایک فوج کو اس مذموم پراپیگنڈے پر لگادیا کہ وہ یہ ثابت کریں کہ چین اس منصوبے کی آڑ میں پاکستان کی معیشت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی قسم قسم کی بدگمانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آئے دن نئے نئے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں جن کا مقصد دونوں دوست ملکوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے، لیکن تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورے نے بھارت اور امریکہ کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈہ کے اس غبارے سے بھی ہوا نکال دی ہے۔ بظاہر دشمن کے پراپیگنڈے اور چالوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے پھر بھی ہمیں سازشوں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے مخالفین کے حربوں سے ہوشیار اور چوکنا رہنا ہوگا ۔ اس حوالے سے باری باری پاکستان اور چین میں اس طرح کے میڈیا فورم موثر اور مفید ہوں گے ۔جوں جوں سی پیک کامیاب کی منزل کے قریب ہوتا جائے گا۔ دشمنوں کی سازشوں اور پراپیگنڈہ میں تیزی آتی جائے گی۔ اس حوالے سے وقفے وقفے سے دونوں ملکوں کے قائدین کے درمیان ملاقاتیں اور بھی موثر ثابت ہوں گی۔