وزیراعلیٰ کا جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کرنے کا عزم
وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی خان کا پہلادورہ۔ اربوں روپے کے منصوبوں، مویشی منڈی، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ، یونیورسٹی بنانے ، میڈیکل کالج بنانے اور غازی میڈیکل کالج میں قبائلی کوٹہ بڑھانے کا اعلان جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم ہونے والی ہیں۔ ماضی میں وسائل کا رخ دوسری جانب موڑا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار۔
جنوبی پنجاب کے پہلے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علاقے کو پسماندگی اور محرومیوں سے نکالنے کا جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے ڈی جی خان میں علاقہ کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے اس نے وہاں کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ وہاں کے ایم پی ایز اور عوام نے وزیراعلیٰ کے ان اعلانات کو سراہا ہے۔ موجودہ حکومت کی طرح گزشتہ حکومتوں نے بھی جنوبی پنجاب کے لئے ایسے کئی اربوں روپوں کے منصوبوں کا بارہا اعلان کیا مگر حقیقت یہ ہے کہ وہاں ان کے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز اور وزرا کے ہوتے ہوئے بھی جن کا تعلق بھی اسی علاقے سے تھا وہاں وہ ترقی دیکھنے میں نہیں آئی۔ اُمید ہے اب موجودہ حکومت پنجاب وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اس علاقے کو ترقی دے کر پنجاب کے دیگر علاقوں کے برابر لائے گی۔ اس وقت یہاں صحت، تعلیم ، پانی ، روزگار اور امن و امان جیسے مسائل فوری حل طلب ہیں۔ اگر موجودہ حکومت ان کوحل کر لیتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ جنوبی پنجاب بھی خوشحال اور ترقی یافتہ نہ بن سکے اور اس کی محرومیاں دور نہ ہوں۔