بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، گیل اور برینڈن میک کولم 8 برس بعد دوبارہ اوپننگ پارٹنر بنیں گے
ڈھاکہ (اے پی پی)جارح مزاج ویسٹ انڈین اور نیوزی لینڈ کے بلے باز کرس گیل اور برینڈن میک کولم 8 برس بعد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں دوبارہ اوپننگ پارٹنر بنیں گے، دونوں کھلاڑی رواں لیگ میں رنگپور رائیڈرز کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے، دونوں کھلاڑیوں نے آخری بار 2009ء میں انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیدرز کی طرف سے ایک ساتھ اوپننگ کی تھی۔ کرس گیل نے اپنے بیان میں کہا کہ میک کولم کے ساتھ دوبارہ اوپننگ کرنے کا موقع ملنا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ فرنچائز حکام کو ہم سے بہت توقعات وابستہ ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ انٹرنیشنل تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے رائیڈرز کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ واضح رہے کہ رنگپور رائیڈرز کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ایک کامیابی کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔