نبی کریمؐ کی حیات طیبہ امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے‘ اظہار بخاری
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) محمدی مسجد لالکڑتی میں آمد مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ آمد رسولؐ سے انسانی تہذیب و ترقی کا راستہ روشن ہوگیا۔نبی پاک ؐ کی ولادت دنیا کائنات کے لئے بہت بڑی سعادت ہے۔ آمد رسول ﷺ پر قوم متحد ہوجائے۔ رسول کریمؐ دنیا کائنات کی وہ عظیم ہستی ہیں جن کے قدموں کے نشان سے منزل کا سراغ ملتا ہے اور جن کی شریعت سے بے انصافی اور ظلم کے سارے دروازے بند ہوجاتے ہیں دنیا کائنات کا ہر ذرہ مدحت رسولؐ بیان کر رہا ہے۔ نام محمدؐ کی طرح نظام مصطفی ﷺ میں بھی خدا نے برکتیں رکھی ہیں۔ ذکر مصطفی ﷺ کرنے والوں کی بستی میں خدا کی رحمت برستی ہے۔ زندگی کو جنتی بنانے کے لئے عبادت خدا اور اطاعت مصطفی ﷺ ضروری ہے۔وہ گھر جنت کا خزینہ ہوتا ہے جس میں ذکر مدینہ ہوتا ہے۔ذکر خدا اور ذکر محمدؐ دلوں کو زندگی رکھنے کا ذریعہ ہے۔ پیغام مصطفی ﷺ کی تعلیمات سے انسانی زندگی اور سوچ و فکر میں جو انقلاب برپا ہوا اس کی نظیر دنیا میں نہیں ملتی۔ آپ ﷺ کی حیات طیبہ کا ایک ایک لمحہ امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہؐ میں ڈھال کر معاشرے کی تطہیر کرنا ہوگی۔ اظہار بخاری نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم منافقت اور حسد کی منڈی بند کردیں اور اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہؐ میں ڈھال کر نبی پاکؐ کے منشور کو دستور بنا لیں۔ تو معاشرے کی تطہیر ہوجائیگی۔