موٹروے پولیس کے افسران میں اسناد کی تقسیم
اسلام آباد (اے پی پی) مری ایکسپریس وے پر بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کرنے والے موٹروے پولیس کے افسران میں اسناد تقسیم کرنے کے حوالہ سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل کوآرڈینیٹر نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی احسان غنی تھے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّدکلیم امام، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اشفاق احمد، ڈی آئی جی آپریشن غلام رسول زاہد، ڈی آئی جی N-5 نارتھ زون عباس احسن ، اے آئی جی نجیب الرحمن بگوی، ایس ایس پی وحید خٹک، ایس پی مری ایکسپریس وے زاہدہ بخاری، سی پی او مری ایکسریس وے رضوان عباسی کے علاوہ موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران و ملازمان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسان غنی نے کہا کہ موٹروے پولیس کو جو پذیر ائی ملی ہے اس میں تمام افسران اور جوانوں کی محنت، حسن اخلاق اور جذبہ کار فرما ہے جو نہ صرف موٹروے پولیس بلکہ ہر پاکستانی کیلئے باعث فخر ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے اپنی شاندار کارکردگی، خوش اخلاقی سے اس ادارے کو نہ صرف مثالی ادارہ منوایا بلکہ عوام کی مکمل خوشنودی اور اعتماد بھی حاصل کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّدکلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس کے افسران نے محنت، لگن اور جوش و جذبہ سے نہ صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا بلکہ روڈ یوزرز کو بروقت امداد فراہم کرکے محکمے کا نام روشن کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے روڈ پر اپنی موجودگی سے عوام کو مکمل تحفظ کا بھی احساس دلایا ہے۔ اس موقع پرنیشنل کوآرڈینیٹر نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی احسان غنی نے مری ایکسپریس وے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میںتعریفی اسناد تقسیم کئے۔